بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے منگل کو بیجنگ میں دورہ پر آئے ہوئے آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانی کے ساتھ ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم لی نے کہا کہ چین آسٹریلیا کے ساتھ باہمی احترام اور افہام و تفہیم کے جذبے سے بات چیت اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے، سیاسی باہمی اعتماد کو مستحکم کرنے اور اختلافات کو مناسب طریقے سے حل کرنےکے لیے آمادہ ہے تاکہ چین-آسٹریلیا تعلقات کی اہم خصوصیت کے حامل اور یکساں مفاد پر مبنی تعاون کے فوائد تمام شعبوں میں ظاہر ہوں۔
چین-آسٹریلیا تعاون کے وسیع امکانات کا ذکر کرتے ہوئے لی نے کہا کہ چین اقتصادی قوانین اور مارکیٹ اصولوں پر عمل کرنے، توانائی اور کان کنی جیسے روایتی شعبوں میں تعاون کو مستحکم اور مضبوط بنانے، ماحول دوست ترقی، ڈیجیٹل معیشت، سائنسی و تکنیکی جدت اور صحت کی صنعت جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کے لیے آسٹریلیا کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ اقتصادی اور تجارتی مسائل کو سیاست زدہ کرنے سے گریز اور ایسے شعبوں میں سلامتی کے تصور کو بڑھانے سے گریز کیا جائے، تاکہ یکساں ترقی اور علاقائی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔