بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیر تجارت وانگ وینتاؤ نے بیلجیئم کے کاروباری اداروں کے نمائندوں کے ساتھ بیجنگ میں گول میز کانفرنس میں شرکت کی، اور شرکا کے سوالات اور تجاویز کے جوابات دیتے ہوئے چین-یورپی یونین اور چین-بیلجیم تعلقات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ وزارت تجارت کی طرف سے منعقدہ اس تقریب میں بیلجیئم کے 20 سے زائد کاروباری اداروں کے ایگزیکٹوز نے شرکت کی، جو بیلجیئم کے وزیر اعظم الیگزینڈر ڈی کرو کے دورہ چین پر ان کے ہمراہ تھے۔ وانگ نے کہا کہ 2024 میں گول میز کانفرنس اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے، جو اس بات کو پوری طرح سے ظاہر کرتی ہے کہ ان کا ملک یورپی یونین سے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو کتنی اہمیت دیتا ہے۔ چینی وزیر نے کہا کہ چین نے کبھی بھی فاضل تجارت کی کوشش نہیں کی اور بیلجیم اور یورپ سے درآمدات کو بڑھانے کے لیے مختلف اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین یورپی یونین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے اور امید کرتا ہے کہ یورپی یونین ہائی ٹیک مصنوعات کی برآمدی پابندیوں میں نرمی کرے گی۔