شنگھائی (شِنہوا) یونان کے وزیر برائے انفراسٹرکچر و ٹرانسپورٹ کرسٹوس اسٹیکوراس نے کہا ہے کہ چین اور یونان ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ اور دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے ذرائع تلاش کر سکتے ہیں۔
چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) کے دوران اسٹیکوراس نے شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دو طرفہ تعلقات بہت اچھی سطح پر ہیں، خاص طور پر یونان اور چین کے درمیان اقتصادی تعلقات مسلسل ترقی کر رہے ہیں۔
چین-یونان تعاون کا اہم منصوبہ اور یونان کی ایتھنز پیریوس بندرگاہ 2018 سے مسلسل چھ سالوں تک اس نمائش میں شرکت کررہی ہے۔
اسٹیکوراس نے کہا کہ ایکسپو کے کردار "اہم اور عالمی سطح پر مسلمہ" ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیریوس بندرگاہ کی سی آئی آئی ای میں مسلسل چھٹی شرکت عالمی میری ٹائم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت میں سہولت فراہم کرنے کے ساتھ کاروباری مواقع میں اضافہ کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کہ یہ نمائش عالمی معیشت کے اسٹیک ہولڈرز کے لیے خیالات کا تبادلہ کرنے، عالمی تجارت کو فروغ دینے اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور مواقع پیدا کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔یہی وجہ ہے کہ، لگاتار چھ سالوں سے، یونان کی سی آئی آئی ای میں شرکت میں اضافہ ہوا ہے۔
چائنہ کوسکو شپنگ کارپوریشن کے تعاون سے پیریوس پورٹ بحیرہ روم کی سب سے بڑی بندرگاہ اور 2019 سے یورپ کی چوتھی بڑی بندرگاہ کے طور پر سامنے آئی ہے۔
وزیر نے کہا کہ کوسکو نے ہماری بندرگاہ کی مجموعی اپ گریڈنگ میں تعاون کیا ہے، جو بحیرہ روم کے طاس میں مشرق اور مغرب کے درمیان ایک اہم مرکز میں تبدیل ہوگئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یونان کو پیریوس میں کوسکو کی سرمایہ کاری کے نتیجے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافے کے حوالے سے بڑی توقعات ہیں۔