معروف فرانسیسی فٹبالر کریم بینزیما نے فرانس کے وزیر داخلہ کے خلاف اخوان المسلمون کے ساتھ روابط کا الزام لگانے پر ہتک عزت کا مقدمہ دائر کردیا،غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس اکتوبر میں فرانس کے وزیر داخلہ جیرالڈ ڈرمینن نے مسلم فٹبالر پر الزام عائد کیا تھا کہ کریم بینزیما مصر کی اسلام پسند تنظیم اخوان المسلمون سے رابطے میں ہیں،جیرالڈ ڈرمینن کی جانب سے بیان ایسے وقت میں سامنے آیا تھا جب معروف فٹبالر کریم بینزیما نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظلوم فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی تھی،سعودی کلب الہلال کی نمائندگی کرنے والے فٹبالر نے الزامات کی فوری تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کیخلاف بہتان تراشی کرنے پر قانونی کارروائی کروں گا،فرانسیسی فٹبالر نے 92صفحات پر مشتمل شکایت میں موقف اپنایا کہ ان کا کبھی اخوان المسلمون کی تنظیم سے تعلق نہیں رہا اور نہ ہی انکے کسی ایسے رکن یا شخص سے جو تنظیم سے منسلک ہو،فٹبال کے وکیل کا کہنا تھا کہ یہ تبصرہ ان کی عزت اور ساکھ کو نقصان پہنچانے کیلئے دیا گیا۔واضح رہے کہ مصر کی اسلام پسند تنظیم اخوان المسلمون پر روس اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں پابندی عائد ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی