کابل(شِنہوا) افغانستان کے قائم مقام وزیرخارجہ مولوی امیر خان متقی نے افغانستان کے لیے برطانوی مشن کے انچارج رابرٹ چیٹرٹن ڈکسن کے ساتھ ملاقات کی ہے،جس میں قائم مقام وزیر خارجہ نےعالمی برادری کے ساتھ اچھے تعلقات کوفروغ دینے پرزور دیا ۔
سرکاری نیوز ایجنسی باختر کے مطابق افغان نگراں حکومت کے وزیرخارجہ نے کابل میں ہونے والی ملاقات میں کہا کہ ان کا ملک ہمسایہ ممالک، خطے اور پوری دنیا کے ساتھ اچھے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ متقی نے کہا کہ افغانستان ہر ملک کے ساتھ بات چیت کے لیے تیارہے انہوں نے افغانستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت میں اضافے پر زوردیتے کہا کہ یہ صورت حال اقتصادی اور سیاسی تعلقات کے ساتھ ساتھ انسانی امداد کے لیے بھی سازگار ہے۔ افغانستان کے لیے برطانوی مشن کے ناظم الامور جو فی الحال دوحہ میں مقیم ہیں نے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی مقاصد کے لیے تشدد کی مذمت کی۔