لندن(شِنہوا)برطانیہ کے ٹرانسپورٹ سیکرٹری مارک ہارپر نے کہا ہے کہ فضائی ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) سسٹم میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہونے کے بعد وسیع پیمانے پر سفری خلل کئی دنوں تک جاری رہ سکتا ہے۔
انہوں نے منگل کو بی بی سی کو بتایا کہ"بہت سی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور لوگوں کوان کی منازل تک پہنچانے میں کچھ دن لگیں گے۔
ایوی ایشن اینالیٹکس کمپنی کے اعداد و شمارسے پتہ چلتا ہے کہ اے ٹی سی سسٹم کو مینوئل بیک اپ سسٹم پر واپس جانے کے لیے مجبور کیے جانے کے بعد پیر کو برطانیہ کے اندر اور باہر جانے والی 15 سو سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں جوتمام پروازوں کے ایک چوتھائی کے برابر ہیں۔
منگل تک برطانیہ کے ہوائی اڈوں پرآنے اور جانے والی شیڈول پروازوں میں سے 5 فیصد مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجے (پاکستانی وقت دن 1 بجے) تک منسوخ کر دی گئیں۔
ٹرانسپورٹ سیکرٹری مارک ہارپر نے کہا کہ اس شدید نوعیت کے مسئلے پر ایک آزادانہ جائزہ لینا ہو گا تاہم انہوں نے کسی بھی سائبر حملے کا امکان رد کر دیا۔