ادیس ابابا (شِنہوا) ایتھوپیا کی حکومت نے برکس میکانزم میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لئے اپنی آمادگی ظاہر کردی ہے ۔
ایتھوپیا یکم جنوری 2024سے برکس کا باضابطہ رکن بن چکا ہے۔
ایتھوپیا کی وزارت خارجہ کے جاری کردہ ایک اعلامیہ کے مطابق برکس تنظیم میں اس کی رکنیت جنوبی ممالک کے درمیان تعاون کے خاکے میں اس مشرقی افریقی ملک کا عزم ظاہر کرتی ہے۔
وزارت نے کہا کہ رکنیت عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے فروغ کے لئے ملک کے کثیر الجہتی کردار کے ساتھ ساتھ جنوبی ممالک کے مابین تعاون میں اس کے مسلسل عزم اور رہنمائی کے اعتراف کی عکاسی کرتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایتھوپیا کی معیشت اصلاحات سے گزررہی ہے اور اسے برکس میکانزم میں شمولیت کی دعوت دینے کا تاریخی فیصلہ ایتھوپیا کی معیشت کی موجودہ حیثیت اور صلاحیت کو تسلیم کرنا ہے۔
بیان کے مطابق ایتھوپیا اپنے دیرینہ اصولوں اور کثیرالجہتی کی بھرپور تاریخ کی بنیاد پر اپنے تمام ارکان کے تعاون سے برکس تنظیم کے ایک نئے رکن کی حیثیت سے امن و خوشحالی کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم اور تیار ہے۔
وزارت نے کہا کہ ایک قومی وزارتی کمیٹی اور ایک سینئر سرکاری رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاکہ بلاک میں ایتھوپیا کی فعال شرکت یقینی بنائی جاسکے۔
برکس ابھرتی مارکیٹ کوآپریٹو میکانزم کا مخفف ہے جس میں ابتدائی طور پر برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ شامل تھے۔
اگست 2023 میں جنوبی افریقہ کے شہر جوہانسبرگ میں منعقدہ 15 ویں برکس سربراہ اجلاس کے دوران مصر، ایتھوپیا، ایران، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کو گروپ میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی۔ یکم جنوری 2024 سے یہ ممالک باضابطہ طور اس تنظیم کے رکن بن گئے ہیں۔