اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نےکہا ہےکہ انہیں غزہ میں ہسپتال پر حملے کے بعد سینکڑوں شہریوں کی ہلاکت پرانتہائی صدمہ پہنچا ہے۔
ایک ٹویٹ میں اقوام متحدہ کے سربراہ نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دل جاں بحق ہونےوالوں کے خاندانوں کے ساتھ ہے،انہوں نے زور دے کر کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت ہسپتالوں اور تمام طبی عملے کو تحفظ حاصل ہے۔
انہوں نے قبل ازیں منگل کوفلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (یو این آر ڈبلیو اے) کے زیر انتظام سکول پر حملے کی بھی مذمت کی جس میں کم سے کم چھ افراد جاں بحق ہوئے۔
عالمی ادارہ صحت نے ایک بیان میں کہا کہ الاحلی عرب ہسپتال آپریشنل تھا جہاں مریض اور صحت کی دیکھ بھال کرنے والے افراد اور بے گھر افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔
یہ غزہ کی پٹی کے شمال میں واقع ان 20 اسپتالوں میں سے ایک تھا جسے اسرائیلی فوج کے انخلاء کے احکامات کا سامنا ہے۔
حماس کے زیر انتظام علاقے میں وزارت صحت نے اسرائیلی فوج پر غزہ شہر کے ہسپتال پر فضائی حملہ کرنے کا الزام عائد کیا۔
دوسری جانب اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے کہا کہ ان کی خفیہ معلومات کے مطابق یہ نقصان اسلامی جہاد کے عسکریت پسندوں کی جانب سے اسرائیل کی جانب داغے گئے راکٹوں سے ہوا ہے جو اپنے ہدف سے بھٹک کرہسپتال پر جا گرے۔