کابل(شِنہوا) افغان نگراں حکومت نے اپنے ملک کی فضائی حدود میں امریکی ڈرونز کی مبینہ نگرانی کی پروازوں کی مذمت کی ہے۔
طلوع نیوز کے مطابق نگراں حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم اسے ایک خلاف ورزی، بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی اور فضائی حدود کی خلاف ورزی سمجھتے ہیں۔ اسے روکا جانا چاہیے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں اگریہ مزید جاری رہتی ہیں تو ہم پھراپنا فیصلہ کر سکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بلاشبہ یہ امریکی طیارہ کچھ پڑوسی ممالک کی فضائی حدود سے گزر کر ہمارے ملک میں داخل ہوتا ہے، مجاہد نے کہا کہ پڑوسی ممالک کو امریکی ڈرونز کو افغانستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔
حالیہ دنوں میں پنجشیر، بدخشاں، تخار، قندوز اور قندھار صوبوں کے رہائشیوں کی جانب سے دی گئی اطلاعات کے مطابق ڈرون ان کے صوبوں کی فضائی حدود میں وقفے وقفے سے گشت کرتے رہتے ہیں۔