اداکارہ ماورہ حسین نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بچپن کی سہیلیوں اور یہاں تک کہ شوبز سمیت دیگر شعبہ جات کی طاقتور خواتین نے بھی گھریلو تشدد برداشت کرنے کا بتایا۔ ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے ڈرامے میں جو کردار ادا کیا، وہ تقریبا ہر گھر کی عورت کی کہانی ہے، ہمارے معاشرے میں خواتین پر تشدد اور ان کے ساتھ ناروا سلوک عام ہے۔اداکارہ کے مطابق ڈرامے میں ایک ڈاکٹر اور خود مختار خاتون ہونے کے باوجود ان پر شوہر کا تشدد اور نامناسب رویہ دکھانے کا مقصد یہی تھا کہ پیغام دیا جائے کہ طاقتور اور مالی طور پر مستحکم ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ خاتون کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوسکتی۔انہوں نے اپنے کردار پر بات جاری رکھتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی جانب سے کردار ادا کرنے کے بعد انہیں ان کی بچپن کی سہیلیوں نے بھی شوہروں کے تشدد اور ناروا سلوک برداشت کرتے رہنے کی کہانیاں بتائیں۔ان کا کہنا تھا کہ نہ صرف سہیلیوں بلکہ شوبز انڈسٹری سمیت دیگر شعبہ جات کی طاقتور خواتین نے بھی شوہروں کے تشدد اور ناروا سلوک برداشت کرتے رہنے کا انکشاف کیا، جنہیں سن کر وہ بھی دنگ رہ گئیں۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی