معروف اداکار فہد مصطفی نے خواہش کا اظہار کیا ہے کہ پاکستانی اور بھارتی اداکاروں کو نہ صرف ایک ساتھ کام کرنے کی اجازت ہونی چاہیے بلکہ دونوں ممالک کے فنکاروں کو ایک دوسرے کے ممالک میں شوٹنگ کی بھی اجازت ہونی چاہیے۔فہد مصطفی نے حال ہی میں بالی ووڈ ہنگامہ کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے مرحوم عرفان خان کو اپنا پسندیدہ اداکار قرار دیا اور ساتھ ہی کہا کہ انہیں آنجہانی اوم پوری ' نصیر الدین شاہ، پنکج کپور اور راج کمار راو جیسے اداکار انہیں پسند ہیں، وہ ان جیسی اداکاری کرنے کے خواہاں ہیں۔فہد مصطفی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک تقریبا ایک جیسے ہیں، جس طرح بھارت میں پاکستانی ڈرامے دیکھے اور پسند کیے جاتے ہیں، اسی طرح پاکستان میں بھارتی فلمیں دیکھی جاتی ہیں۔ان کے مطابق دونوں ممالک کے فنکار اگر مل کر کام کریں گے تو اور بھی مزہ آئے گا اور اس میں دونوں ممالک کے فنکاروں کا فائدہ ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی