معروف بھارتی گیت نگار سمیر انجان نے انکشاف کیا ہے کہ لیجنڈ پاکستانی گلوکار نصرت فتح علی خان مشہور گانا دولہے کا سہرا ریکارڈ کرواتے ہوئے مسلسل روتے رہے۔ بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ خوش قسمتی سے نصرت فتح علی خان صاحب ممبئی تشریف لائے اور میں اس وقت فلم دھڑکن کے گانے لکھ رہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ ہمیں ان سے ملنے کا موقع بھی ملا تو ندیم شرون نے ان سے اپنی سب سے بڑی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ ہماری فلم کے لیے کوئی گانا گاتے ہیں تو یہ اعزاز کی بات ہو گی۔بھارتی گیت نگار نے بتایا کہ جب نصرت فتح علی خان گانا ریکارڈ کروا رہے تھے تو جیسے ہی وہ گانے کے یہ بول میں تیری بانہوں کے جھولے میں پلی بابل گانے لگتے انہیں رونا آ جاتا اور ریکارڈنگ دوبارہ شروع کرنی پڑتی جب ریکارڈنگ کے دوران انہیں مسلسل رونا آتا رہا تو ہم نے ان سے بریک لینے کو کہا۔سمیر انجان نے یہ بھی بتایا کہ نصرت فتح علی خان نے گانا ریکارڈ کروانے کے بعد ریکارڈنگ کے دوران بہت زیادہ جذباتی ہونے اور رونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ جب میں یہ گانا ریکارڈ کروا رہا تھا تو بار بار میرے ذہن میں میری بیٹی کا خیال آ رہا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی