سینئر اداکار فردوس جمال نے اہلیہ اور بچوں سے اختلافات کے معاملے پر مزید بات کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اور خاندان کے درمیان گھر کی ایک عورت کے شوبز میں کام کرنے کے معاملے پر اختلافات ہوئے۔فردوس جمال نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اہل خانہ سے اختلافات، اہلیہ کی خلع سمیت دیگر معاملات پر بھی انہوں نے کھل کر بات کی اور بتایا کہ ان کے خاندان کے درمیان چھوٹے اختلافات ہیں جو تقریباً ہر گھر میں ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بیماری کے وقت ان کے اہل خانہ ان کے پاس رہے، ان کی خدمت اور تیمار داری کرتے رہے، بعد میں اور پہلے بھی ان کے درمیان اچھے تعلقات تھے۔فردوس جمال نے بتایا کہ ان کے گھر کی ایک عورت نے ان کی اجازت کے بغیر ڈراموں میں کام کرنا شروع کیا تو انہیں برا لگا، جس پر انہوں نے اہل خانہ سے علیحدگی اختیار کی۔فردوس جمال کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق روایتی پشتون قبیلے سے ہے، جہاں خواتین کے کام کو اچھا نہیں سمجھا جاتا، اگر ان کے گھر کی عورت ڈراموں میں کام کرنے لگتی تو ہر کوئی انہیں طعنے دیتا، ان سے سوال کرتا کہ اب ان کے گھر کی عورتیں بھی یہی کام کریں گی۔فردوس جمال نے کہا کہ وہ خود کو اداکار اور آرٹسٹ کہلانا پسند کریں گے، کنجر کہلانا پسند نہیں کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی