سینئر اداکارہ نادیہ افگن نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں بھارتی پنجابی فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی تھی اور اب بھی اگر انہیں بالی ووڈ سے آفر آئی تو وہ ضرور کام کریں گی۔ ایک ٹی وی پروگرام کے دوران ایک سوال کے جواب میں نادیہ افگن کا کہنا تھا کہ فن اور فنکار کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، ہر کسی کو ہر جگہ کام کرنا چاہیے۔انہوں نے بھارتی فلم سازوں اور اداکاروں کی تعریفیں کیں اور کہا کہ ان کا کام پیشہ ورانہ اور اچھا ہوتا ہے، وہ ان کا کام دیکھتی رہتی ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں بھارتی پنجابی اداکارہ سونم باجوہ بہت پسند ہیں، ان سے ان کی دوستی بھی ہے، وہ ان کی فلمیں دیکھتی رہتی ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں انہیں متعدد بار بھارتی پنجابی فلموں میں کام کی پیش کش ہوئی لیکن وہ کام کے لیے وہاں جا نہ سکیں۔ایک اور سوال کے جواب میں نادیہ افگن نے کہا کہ اگر انہیں اب بھی بالی ووڈ سے کام کی پیش کش ہوگی تو وہ ضرور کام کریں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی