i شوبز

افسردہ ہوں لاہور کی ڈرامہ و فلم انڈسٹری تباہ ہوچکی، بلال قریشیتازترین

October 29, 2024

معروف اداکار بلال قریشی نے لاہور کی ڈرامہ انڈسٹری کو مردہ قرار دیا ہے۔ ایک انٹرویو کے دوران اداکار نے کہا کہ لاہور میں ڈرامے بننے کا رجحان دم توڑ چکا ہے تاہم لاہوری ہونے کی بنا پر وہ اس حوالے سے افسردہ ہیں۔ انہوںنے کہا اس وقت کراچی میں ڈرامہ اور فلم سازی کے حوالے سے سب سے زیادہ کام ہورہا ہے تاہم اگر ماضی کی بات کی جائے تو لاہور فلموں کا مرکز کہلاتا تھا۔ بلال قریشی نے کہا لاہور میں فلم انڈسٹری کے حوالے سے کئی بڑے اسٹوڈیو بھی قائم تھے۔ پی ٹی وی کا لاہور سینٹر ڈراموں کے حوالے سے ماضی میں ایک نمایاں مقام رکھتا تھا جہاں سے بڑے بڑے اور عظیم فنکاروں نے اپنے کیریئر کا آغاز کیا ۔بلال قریشی نے کہا کہ وہ لاہور سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ اس بات پر افسردہ ہیں کہ ایک زمانے میں ملک کا ثقافتی دارالحکومت کہلانے والا لاہور اب فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے حوالے سے بالکل بھی نمایاں نہیں ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی