i ثقافت

پاکستانی فرنیچر عالمی منڈی میں جگہ بنانے کی بڑی صلاحیت رکھتا ہے، میاں کاشف اشفاقتازترین

July 12, 2022

پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ پاکستان کی فرنیچر کی صنعت اپنے جدید ڈیزائنوں کے بل پر عالمی منڈیوں میں جگہ بنانے کی بڑی صلاحیت رکھتی ہے اور یہ برآمدات میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے مگر اس کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے مراعات اور سہولیات کے پیکج کی اشد ضرورت ہے۔ ہفتہ کو اٹلی کے شہر میلان میں اعزازی انویسٹمنٹ قونصلر اور اٹلی میں سفیر برائے سیاحت محمد شہریار خان کی قیادت میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے میاں کاشف شفاق نے کہا کہ بدقسمتی سے فرنیچر کے شعبہ کو بری طرح نظر انداز کیا گیا ہے۔
لکڑی کا کام کرنے والے کاریگروں کی جدید خطوط پر تربیت کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فرنیچر کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے نئی بین الاقوامی مارکیٹیں تلاش کرنے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ پاکستانی مصنوعات میں بہت زیادہ پوٹینشل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ فرنیچر کی برآمدات کم ہیں لیکن اس کا آغاز ہو چکا ہے اور اب اس شعبے میں جارحانہ مارکیٹنگ کی حکمت عملی کے ساتھ برآمدات مختصر مدت میں دگنا ہو سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر حکومت فرنیچر کمپنیوں کے ساتھ تعاون کرے تو اگلے پانچ سالوں میں برآمدات کا حجم 5 ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں مقامی صنعت کے فروغ کے لیے دل لگا کر کام کریں۔ قدرت نے پاکستان کو وافر وسائل سے نوازا ہے اور ہمارے لوگ بہترین مہارتوں سے آراستہ ہیں جو ملک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی پوری اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے فرنیچر بنانے والی قومی اور بین الاقوامی معروف کمپنیوں کے ساتھ اپنے کام کی نمائش کرنے والے نوجوان ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کے شاندار کام کو سراہا۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پی ایف سی فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائننگ کے شعبے سے وابستہ پاکستان کے نوجوان کاروباری افراد کی مدد کے لیے پرعزم ہے جن کی اختراعی سوچ بڑی اقتصادی خوشحالی کی راہ ہموار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائشیں نوجوان ڈیزائنرز اور آرکیٹیکٹس کو مارکیٹ کے رجحانات کا جائزہ لینے اور بڑے پیشہ ور افراد کے ساتھ اپنے کام کی نمائش کرنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ''انٹیریئرز پاکستان'' ملک میں بین الاقوامی تجارتی نمائشوں کے انعقاد اور پاکستان کی عالمی نمائشوں میں شرکت کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ پاکستان لیدر گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حسن علی بھٹی نے کہا کہ چمڑے کی صنعت فرنیچر سے بھی وابستہ ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ فرنیچر مینوفیکچررز کو فرنیچر بنانے میں استعمال کیلئے عالمی معیار کا چمڑا فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں مقامی صنعت کے فروغ کے لیے کام کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان وافر وسائل سے مالا مال ہے اور ہمارے لوگ بہترین مہارتوں سے آراستہ ہیں جو ملک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ہوری اہلیت رکھتے ہیں۔ شہریار خان نے میاں کاشف اشفاق کو اٹلی کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ وہاں نئی برآمدی منڈیوں کو تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین معیار کے ہاتھ سے تراشے ہوئے لکڑی کے فرنیچر کی برآمدات کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کے لئے سرمایہ کاروں کے ساتھ ون آن ون بات چیت کر سکیں۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی