امریکہ نے مصری وزیر خارجہ سمیع شکری کے دورہ ترکیہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقیناً ترکی اور مصر دونوں ہمارے اہم شراکت دار ہیں' ہم ہمیشہ اپنے اہم شراکت داروں کے تعلقات میں فروغ کے حق میں کوششیں صرف کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے گزشتہ روز مصری وزیر خارجہ سمیع شکری کے دورہ ترکیہ کے حوالے سے کہا کہ دونوں ممالک امریکہ کے اہم شراکت دار ہیں اور ہم ان کے تعلقات کی بہتری کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔روزانہ کی میڈیا بریفنگ میں سوالات کا جواب دیتے ہوئے پرائس نے شکری کے دورہ ترکیہ پر اپنے جائزے پیش کرتے ہوئے کہا کہ "یقیناً ترکی اور مصر دونوں ہمارے اہم شراکت دار ہیں۔ ہم ہمیشہ اپنے اہم شراکت داروں کے تعلقات میں فروغ کے حق میں کوششیں صرف کرتے ہیں۔وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے 10 سال کے وقفے کے بعد ترکیہ آنے والے مصری وزیر خارجہ سمیع شکری کا ادانا ہوائی اڈے پر استقبال کیا تھا۔
دونوں وزراء نے مرسین بین الاقوامی بندرگاہ پر زلزلہ زدگان کے لیے مصر سے آنے والے کارگو بحری جہاز "الا حریری" کا خیر مقدم کرتے ہوئے اہم بیانات دیے تھے۔اس موقع پر وزیر چاوش اولو نے بتایا تھا کہ مصر کے ساتھ تعلقات میں نئے باب کا آغاز ہوا ہے، قطر کے دارالحکومت دوحہ میں صدر رجب طیب ایردوان اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی ملاقات انتہائی نتیجہ خیز رہی تھی اور دونوں سربراہان نے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔وزیر شکری کا کہنا تھا کہ ہم مصر اور ترکیہ کے باہمی تعلقات کو دوبارہ پرانی سطح پر لانے اور دونوں ممالک کے مفادات کی روشنی میں انہیں مزید آگے بڑھانے کو اہمیت دیتے ہیں۔ مصر ہمیشہ ترک بھائیوں کا ساتھ دے گا اور مجھے یقین کامل ہے کہ " مجھے یقین ہے کہ ہمارے تعلقات اب کے بعدسے بہترین سطح تک پہنچ جائیں گے۔"
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی