اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے اسرائیل کے خلاف آپریشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن طوفان الاقصی میں اسرائیل پر پانچ ہزار میزائل داغے جا رہے ہیں جبکہ اسرائیل کے طول وعرض میں خطرے کے سائرن بج اٹھے، اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ سے عسکریت پسند اسرائیلی علاقوں میں گھس گئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق حماس کے عسکری بازو عز الدین القسام کے کمانڈر محمد الضیف ابو خالدکی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ آپریشن طوفان الاقصی میں اسرائیل پر پانچ ہزار میزائل داغے جا رہے ہیں جبکہ آپریشن میں ایک خاتون کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں ۔ ہفتے کی صبح غزہ کی پٹی سے اچانک دسیوں راکٹ اسرائیل پر داغے جانے کا سلسلہ شروع ہوا جس کے بعد اسرائیل کے طول وعرض میں خطرے کے سائرن بج اٹھے، غزہ کے مختلف علاقوں سے راکٹ باری کی آوازیں گونجتی رہیں۔ اسرائیلی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ غزہ سے عسکریت پسند اسرائیلی علاقوں میں گھس گئے ہیں۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کی فوج نے جنگی حالات کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ قبل ازیں اسرائیلی فوج کے ترجمان ایوجا درعی نے ایک بیان میں غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر حملوں کے بعد جنگ کے لیے تیار رہنے کے لیے کہا تھا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزیر دفاع نے ریزرو فوجیوں کو طلب کرنے کی منطوری دے دی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی