i بین اقوامی

تنزانیہ کی صدر کا یوم آزادی کی تقریبات کا بجٹ سکولوں پر خرچ کا حکمتازترین

December 07, 2022

تنزانیہ کی صدر سامعہ سلوہو حسن نے یوم آزادی کی تقریبات کیلئے مختص بجٹ کو سکولوں میں ہاسٹل کی تعمیر پر خرچ کرنے کی ہدایت جاری کردی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تنزانیہ کی صدر سامعہ سلوہو حسن نے 9 دسمبر کو ہونے والی یوم آزادی کی تقریبات منسوخ کر دی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ بجٹ کو خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے لیے ہاسٹل کی تعمیر کے لیے استعمال کیا جائے۔ رپورٹ کے مطابق تنزانیہ کے 61 ویں یوم آزادی کی تقریبات پر 4 لاکھ 45 ہزار ڈالرزکی لاگت آنی تھی، تاہم اب یہ رقم ملک بھر کے پرائمری اسکولوں میں ہاسٹلز بنانے کے لیے استعمال کی جائے گی۔ تنزانیہ کے وزیر مملکت جارج سمباچاوین نے پیر کے روز کہا کہ تقریبات کے لئے مختص کیا گیا بجٹ صدر کے حکم کے مطابق انتظامیہ کو تقسیم کر دیا گیا ہے۔ تنزانیہ میں عام طور پر یوم آزادی کی تقریبات شان و شوکت اور سرکاری پروٹوکولز کے ساتھ منائی جاتی ہیں، تاہم یہ پہلا موقع نہیں ہے جب تنزانیہ نے تقریبات منسوخ کی ہیں۔ 2015 میں اس وقت کے صدر جان میگوفولی نے تقریبات منسوخ کرکے فنڈز کو دارالحکومت دارالسلام میں سڑک کی تعمیر کیلئے مختص کردیا تھا، 2020 میں بھی انہوں نے ایسا ہی کیا اور ہدایت کی کہ بجٹ طبی سہولیات خریدنے کے لیے استعمال کیا جائے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی