سعودی کابینہ نے کہا ہے کہ عالمی تیل منڈی میں توازن اور استحکام کے حوالے سے اوپیک پلس کا کلیدی کردار ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں جدہ کے قصر السلام میں منعقد ہوا ہے۔ کابینہ نے قطر میں فٹبال ورلڈ کپ شائقین کے لیے جاری ھیا کارڈ کی ای سروس فیس سرکاری خزانے سے ادا کرنے کی منظوری بھی دی ہے۔اجلاس میں کابینہ کے ارکان کو جنوبی کوریا کے صدر کی طرف سے ملنے والے پیغامات کے مندرجات سے آگاہ کیا گیا۔کابینہ میں گزشتہ دنوں مملکت اور متعدد ممالک کے عہدیداروں کے درمیان مذاکرات اور مشاورت کے نتائج پر رپورٹ بھی پیش کی گئی۔رپورٹ میں کہا گیا کہ مذاکرات اور مشاورت کا محور باہمی تعلقات اور تعاون کا فروغ، مشترکہ مفادات کا حصول، باہمی تعاون کو بڑھانا، درپیش مسائل اورعالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے حوالے سے کثیر جہتی رابطوں کا فروغ ہے۔
کابینہ نے ایئرپورٹس کی عالمی کونسل (اے سی آئی) کا ریجنل دفتر ریاض میں قائم کرنے کے فیصلے کی ستائش کی اور کہا کہ یہ اس بات کی علامت ہے کہ سعودی عرب ہوابازی کے شعبے میں عالمی سطح پر آگے بڑھ رہا ہے۔ اجلاس میں سات فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ قطر میں عالمی فٹبال کپ کے میچ دیکھنے جانے والوں میں ھیا کارڈ ہولڈرز کے لیے سعودی عرب کے ویزے کی فیس سرکاری خزانے سے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔کابینہ نے جاپانی وزارت خارجہ کے ساتھ سٹراٹیجک مکالمے کے بارے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیرخارجہ، نائیجر کے ساتھ اسلامی امور کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیراسلامی امور و دعوت و رہنمائی، سیاحتی شعبے میں کویت کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار وزیر سیاحت، سمعی و بصری اور پرنٹ میڈیا میں عراق کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کا اختیار سعودی وزیر اطلاعات کو تفویض کیا ہے۔ کابینہ نے دہشت گردی کی فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کے انسداد کے حوالے سے مصر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کی بھی منظوری دی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی