سوڈان میں فوج اور پیرا ملٹری فورسز کے درمیان جاری اقتدار کی جنگ میں ہلاکتوں کی تعداد 200سے تجاوز کر گئی ہے،سوڈان کی وزارت خارجہ کے مطابق آرمی چیف عبدالفتاح البرہان نے پیرا ملٹری فورس، ریپڈ سپورٹ فورسز کو باغی گروپ قرار دیتے ہوئے تحلیل کرنے کا حکم جاری کیا ہے، سوڈان میں 2021 میں فوج نے بغاوت کر کے اقتدار پر قبضہ کر لیا تھا جس کے خلاف اب بغاوت کی گئی ہے،تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ علاقائی اور عالمی سطح پر جنگ بندی کے مطالبات اور سفارت کاروں کے متحرک ہونے کے باوجود لڑائی طوالت اختیار کر سکتی ہے، ادھر امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے سوڈان میں لڑائی کی قیادت کرنے والے دونوں جنرلز سے ٹیلی فونک رابطے میں جلد جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے،بلنکن نے سوڈانی فوج کے آرمی چیف عبدالفتاح البرہان اور پیراملٹری ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف)کے سربراہ محمد حمدان دقلو سے ٹیلیفونک گفتگو کی ہے اورہلاکتوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے،امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکریٹری خارجہ نے دونوں جنرلز کو شہریوں، سفارتی عملے اور انسانی کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنی ذمہ داری نبھانے کا کہا ہے،سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ جنگ بندی سے متاثرین افراد تک انسانی امداد پہنچانے میں مدد ملے گی، بچھڑے ہوئے سوڈانی خاندان مل سکیں گے اور خرطوم میں بین الاقوامی کمیونٹی اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر سکے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی