شنگھائی کے سابق سینئر قانون ساز ڈونگ یون ہو کو رشوت خوری کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی جس کے تحت انکی تمام جائیداد ضبط کرلی جائے گی۔ صوبے آنہوئی کے شہر ہیفے کی انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ کے فیصلے کے مطابق شنگھائی میونسپل پیپلز کانگریس کی قائمہ کمیٹی کی سرکردہ پارٹی ارکان گروپ کے سابق سیکرٹری اور کمیٹی کے سابق چیئرمین ڈونگ کو تاحیات سیاسی حقوق سے محروم کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کی جائیداد ضبط اور رشوت سے حاصل شدہ غیر قانونی فوائد واپس لے کر سرکاری خزانے میں جمع کرادیے جائیں گے۔ عدالت کے مطابق ڈونگ نے اپنے مختلف عہدوں کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے مختلف تنظیموں اور افراد کو سرمایہ کاری ، قرض، زمین کی منتقلی، کاروباری اور ذاتی امور جیسے معاملات میں معاونت کی اور اس کے عوض غیر قانونی طور پر 14 کروڑ 80 لاکھ یوآن (تقریبا 2 کروڑ 80 لاکھ امریکی ڈالر) سے زائد مالیت کی رقم اور قیمتی سامان وصول کیا۔ عدالت نے کہا ہے کہ ڈونگ نے تفتیش اورغیر قانونی فوائد کی مکمل واپسی میں تعاون کیا جبکہ سزا سناتے وقت ان حقائق کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی