چین کی ایک عدالت نے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے سابق سینئر قانون ساز چھن روگوئی کو رشوت خوری کا جرم ثابت ہونے پرعمر قید کی سزا سنائی ہے۔ گوانگ سی ژوآنگ خود مختار علاقے کی نان ننگ انٹرمیڈیٹ پیپلزکورٹ کے فیصلے کے مطابق گوانگ ڈونگ صوبائی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے سابق نائب چیئرمین چھن کو زندگی بھر کے لیے سیاسی حقوق سے محروم کر دیا گیا ہے۔ ان کی ذاتی جائیداد ضبط کرلی جائے گی اور رشوت سے حاصل شدہ غیر قانونی فوائد واپس لیکر انہیں قومی خزانے میں جمع کرادیا جائے گا۔ عدالت نے قرار دیا ہے کہ چھن نے 2003 سے 2022 کے درمیان گوانگ ڈونگ میں اپنے عہدوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے منصوبے کے معاہدوں اور کاروباری آپریشن سے متعلق امور پر افراد اور تنظیموں کی مدد کی اور اس کے بدلے 10 کروڑ 80 لاکھ یوآن (تقریبا 1 کروڑ 51 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر)سے زائد رقم اور قیمتی سامان وصول کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی