جاپان کے سابق مقتول وزیراعظم شنزو آبے کی باضابطہ آخری رسومات میں شرکت کے لیے کئی ملکوں کی اہم شخصیات ٹوکیو پہنچ گئیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق سابق جاپانی وزیراعظم شنزوآبے کی سرکاری سطح پر آخری رسومات میں ملکی اور غیرملکی شخصیات سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ٹوکیو میں شنزو آبے کی بیوہ آکی کے گھر سے ان کی لاش کی راکھ سرکاری اعزاز کے ساتھ بودوکان لائی گئی۔اس موقع پر شنزو ایبے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے 19 توپوں کی سلامی دی گئی۔بودوکان کے باہر ہزاروں افراد قطار بنائے شنزو ایبے کی راکھ کے انتظار میں پھول تھامے کئی گھنٹے سے کھڑے تھے۔جاپان کے سابق وزیراعظم کی سرکاری طور پر آخری رسومات میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے جاپان کے ہم منصب سے بھی ملاقات کی۔دوسری جانب شنزو آبے کی آخری رسومات کی تقریب پر11 ملین ڈالر سے زائد رقم خرچ کرنے پرعوام سراپا احتجاج ہیں۔ ٹوکیو میں احتجاج کے باعث سیکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری بھی تعینات کردی گئی ہے۔واضح رہے کہ جاپان کے سابق وزیراعظم شنزو آبے پر 8 جولائی کو انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملہ ہوا تھا جس میں سابق جاپانی وزیراعظم ہلاک ہوگئے تھے اور حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ شنزو آبے پہلے 2006 سے 2007 اور پھر 2012 سے 2020 تک جاپان کے وزیراعظم رہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی