i بین اقوامی

سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی امارات کے صدر سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات ، عالمی امور پر تبادلہ خیالتازترین

September 22, 2022

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے الشاطی محل میں سعودی عرب کے نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ملاقات کی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق شہزادہ خالد بن سلمان نے ٹوئٹر پر کہا کہ انہوں نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر امارات کے صدر سے ملاقات کی اور انہیں سعودی قیادت کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا ہے۔ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور علاقائی و بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق سعودی قیادت نے خیر سگالی کے پیغام میں اماراتی صدر کی پائدار صحت و عافیت اور امارات اور اس کے عوام کی مزید ترقی و خوشحالی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔اماراتی صدر نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد کے لیے خیر سگالی کا جوابی پیغام حوالے کیا۔انہوں نے سعودی عرب اور اس کے برادر عوام کے لیے خوشحالی، سربلندی اور دائمی وقار کی خواہش کا اظہار کیا۔ امارات اور مملکت کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات، سٹراٹیجک تعاون اور باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں تعاون کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔اس موقع پر اماراتی قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زاید آل نہیان اور نائب وزیراعظم و وزیر ایوان صدارت شیخ منصور بن زاید آل نہیان بھی موجود تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی