i بین اقوامی

سعودی حکام کی جازان اور عسیر میں کامیاب کارروائیاں،692 کلو گرام منشیات پکڑ لی،متعدد افرادگرفتارتازترین

October 21, 2024

سعودی حکام نے منشیات کے کاروباریوں کے قبضے سے ایک کارروائی کے دوران 692 کلو گرام منشیات قبضے میں لے لی اور متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ یہ منشیات کی قط نامی قسم ہے۔سعودی نظامت عامہ برائے انسداد منشیات کی طرف سے یہ بھاری مقدار جازان اور عسیر کے علاقوں سے پکڑی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی منشیات کے دھندے سے متعلق متعدد افراد کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔جیزان کے علاقے میں سرحدی محافظوں نے 13 ایتھوپیائی باشندوں کو گرفتار کیا ہے وہ 185 کلو منشیات کی سمگلنگ میں ملوث تھے، جبکہ سعودی حکام نے عسیر کے علاقے میں 6 ایتھوپین باشندوں کو 127 کلو گرام منشیات کے ساتھ حراست میں لے لیا ہے۔علاوہ ازیں سعودی پٹرولنگ ٹیموں نے 125 کلو منشیات جازان کے علاقے سے قبضے میں لی ہے۔ اسی طرح عسیر سے بھی 255 کلو کی مقدار میں منشیات پکڑ لیں جو سمگل کی جارہی تھی۔سعودی عرب میں منشیات کی روک تھام کے لیے بڑھائی گئی ان کارروائیوں کے دوران زیر حراست لیے گئے تمام ملزمان کے خلاف قانونی و عدالتی چارہ جوئی شروع کر دی ہے۔ ان سے متعلق مقدمات پراسیکیوٹر کے حوالے کر دیے گئے ہیں۔حکام نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے اس دھندے اور استعمال کو روکنے میں مملکت کی مدد کریں اور جہاں بھی کوئی مشکوک معاملہ دیکھیں منشیات کے خلاف مکہ کے لیے مخصوص نمبر 911 پر اطلاع کر دیں۔ جبکہ ریاض اور مشرقی ریجن کے لیے مخصوص نمبر 999 پر اطلاع کریں ۔ خیال رہے مملکت میں اطلاع کرنے والے شہریوں کی شناخت خفیہ رکھی جاتی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی