سعودی عرب اپنی مشہور کافی کے بیجوں کی پیداوار کو دگنا کرے گا، اس کے لیے کسانوں کو آب پاشی کے جدید آلات اور پودوں کی صورت میں مدد فراہم کرنی شروع کردی گئی ہے۔ سعودی میڈیاکے مطابق سعودی عرب کا الباحہ شہر اپنی مشہور شداوی کافی بینز کی پیداوار کو دوگنا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، یہ ایک انیشیٹو ہے جس سے خطے کے لیے روزگار اور آمدنی پیدا ہوگی۔الباحہ میں 200 سے زیادہ فارمز ہیں جہاں 22 ہزار سے زیادہ درخت ہیں جو اعلی ترین معیار کی بینز اگاتے ہیں، الباحہ میں 1.6 ملین مربع میٹر کا مجموعی رقبہ دستیاب ہے جس میں 3 لاکھ درختوں کی گنجائش ہے۔ریجن میں ماحولیات، پانی اور زراعت کی وزارت کے ڈائریکٹر فہد بن مفتاح الزہرانی نے کہا کہ کافی کی پیداوار میں 100 فیصد اضافہ ہوگا، اس سے ایک ہزار نئی ملازمتیں بھی پیدا ہوں گی۔ اس میں ایک کاروباری، تربیتی اور نمائشی مرکز ہوگا جو اس ریجن کو ایک الگ زرعی سیاحت کی منزل بنائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پہاڑی علاقے میں درختوں کو پھلنے پھولنے کے لیے احتیاط سے کاشت کی ضرورت ہوتی ہے۔وزارت نے کسانوں کو پانی کے ذرائع تک رسائی اور 60 سے 240 ٹن تک ذخیرہ کرنے کے لیے ٹینک فراہم کرنا شروع کیے ہیں، کسانوں کو آب پاشی کے جدید آلات اور پودوں کی صورت میں بھی مدد فراہم کی گئی ہے، اس انیشیٹو سے اب تک 122 کسانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔اس کے علاوہ، وزارت اپنے دیہی پروگرام کے ذریعے چھوٹے کسانوں کے لیے مالی مدد فراہم کر رہی ہے جس سے انہیں کافی بینز کی پیداوار، تیاری اور مارکیٹنگ میں مدد ملے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی