روس میں جاپانی قونصل جنرل کو مبینہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا، مذکورہ ملزم کو خفیہ معلومات حاصل کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روس کی خفیہ ایجنسی نے جاپانی قونصل جنرل موٹوکا تاٹسو نوری کو شہر ولادی ووستوک سے رنگے ہاتھوں گرفتارکیا۔رپورٹ کے مطابق بعد ازاں روس نے زیرحراست قونصل جنرل کو غیر مہذب شخصیت قرار دے کر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا، قونصل جنرل اقتصادی صورتحال پر مغربی پابندیوں کے اثرات کے حوالے سے معلومات لے رہا تھا۔خبر میں مزید بتایا گیا ہے کہ حاصل کی گئی معلومات کا تعلق ایشیا پیسیفک کے ایک نامعلوم ملک کے ساتھ روسی تعاون کے حوالے سے بھی ہے۔اس کارروائی کے بعد روس کی جانب سے مبینہ جاسوسی پر جاپان سے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا تاہم جاپان کی جانب سے فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی