روس میں پولیس افسر کو لاتیں مارنے کے جرم میں امریکی شہری کو جیل ہو گئی۔روسی میڈیا کے مطابق ڈیوٹی پر مامور پولیس افسر پر تشدد کے الزام میں گرفتار امریکی شخص کے کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔مغربی روس کے شہر وورونر کی عدالت نے 28 سالہ امریکی شہری کو پولیس افسر پر تشدد کا الزام ثابت ہونے پر ساڑھے چار سال قید کی سزا سنائی ہے۔مجرم پر الزام تھا کہ اس نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسر پر تشدد کیا اور لاتیں ماریں، پولیس نے ٹرین میں نشے کی حالت میں امن عامہ میں خلل ڈالنے کے بعد امریکی شہری کو گرفتار کیا تھا۔روس کی بڑے جرائم کی تحقیقاتی کمیٹی نے کا کہنا تھا کہ امریکی شہری نے روس میں نافذ قانونی اقدامات کی خلاف ورزی کی ہے۔ مجرم کا نام رابرٹ گلمین بتایا گیا ہے۔امریکی شہری کے وکیل نے سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا ہے کہ قیدیوں کے تبادلے کا بندوبست کرنے کے لیے امریکی حکام سے رابطہ کریں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی