روس کی عدالت نے ووکس ویگن کے تمام اثاثے منجمد کر دئیے ہیں،روس کی آٹوموبیل کمپنی'' جی اے زیڈ''نے، اگست میں ووکس ویگن کی طرف سے شراکت داری ختم کئے جانے کے بعد، جرمن آٹو موبیل کمپنی کے خلاف دعوی دائر کر دیا تھا،روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق شراکت داری کے خاتمے سے ''جی اے زیڈ'' آٹو موبیل کمپنی کو15.6بلین روبل تقریبا 19کروڑ یورو کا نقصان پہنچا تھا۔'' جی اے زیڈ''کے ووکس ویگن کے خلاف دائرہ کردہ دعوے میں عدالت نے 17مارچ روسی آٹو موبیل کمپنی کے حق میں فیصلہ سنایا اور روس میں ووکس ویگن کے تمام اثاثے منجمد کر دیئے ہیں،واضح رہے کہ مغربی ممالک کی طرف سے ماسکو پر پابندیوں کے اطلاق کے بعد ووکس ویگن نے روس میں کام روک دیا تھا،اس دوران ووکس ویگن ماسکو کے جنوبی علاقے کالوگا میں سالانہ 2 لاکھ 25 ہزار گاڑیوں کی پیداوار دینے والی فیکٹری کو فروخت کرنے کی کوششوں میں تھی، فیکٹری میں مارچ 2022سے پیداوار روک دی گئی تھی،ووکس ویگن نے گذشتہ سال روس میں تقریبا 42ہزار گاڑیاں اور ایک ہزار 500تجارتی گاڑیاں فروخت کیں ، کمپنی کی فروخت 2021کے مقابلے میں 80فیصد کم رہی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی