نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکا کے 47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے تاہم حلف اٹھانے سے قبل ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے دور صدارت کے لیے وزیر دفاع، امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ سمیت مشرق وسطی کیلئے ایلچی اور اسرائیل میں اپنے سفیر کے کیلئے نامزدگیاں کردیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے اپنی انتخابی مہم کے ڈونر اور رئیل اسٹیٹ ٹائیکون اسٹیووٹکوف کو مشرق وسطی کیلئے خصوصی ایلچی نامزد کیا گیا ہے۔اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسٹیو وٹکوف امن کیلئے ایک ان تھک آواز ہوں گے اور ہم سب کیلئے فخر کا باعث بنیں گے۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مشرق وسطی کیلئے ایلچی نامزد ہونے والے 67 سالہ اسٹیووٹکوف کو اس سے قبل باضابطہ سفارت کاری یا خارجہ پالیسی کا کوئی تجربہ نہیں ہے۔ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مغربی کنارے کے وجود سے انکاری اور حماس سے جنگ بندی کے مخالف اسرائیل نواز سابق گورنر مائیک ہکابی جان کو اسرائیل کیلئے امریکی سفیرنامزد کیا گیا ہے۔اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ مائیک ہکابی بہترین پبلک سرونٹ اور گورنر رہ چکے ہیں، وہ اسرائیل سے محبت کرتے ہیں اور اسرائیل کے لوگ انہیں چاہتے ہیں۔مائیک ہکابی کی بیٹی سارہ ہکابی سینڈرز اس وقت امریکی ریاست ارکنساس کی گورنر ہیں، وہ 2017 سے 2019 تک ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں وائٹ ہاس کی پریس سیکرٹری بھی رہ چکی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق فوجی اور ٹی وی میزبان پیٹ ہیگزے کو وزیردفاع نامزد کر دیا۔ ٹرمپ نے نامزدگی کے بعد اپنے بیان میں کہا کہ پیٹ ہیگزے ایک سخت،سمارٹ اور سب سے پہلے امریکہ میں یقین رکھنے والے ہیں۔جب وہ اس عہدے پر ہوں گے تو امریکا کے دشمنوں کو اس کا نوٹس لینا ہو گا۔ ہماری فوج پھر عظیم ہو گی،امریکا کو پسپائی نہیں ہو گی۔پیٹ ہیگزے افغانستان، عراق اور گوانتاناموبے میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ٹرمپ کی جانب سے سابق ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس جان ریٹکلیف کو امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کا ڈائریکٹر نامزد کیا گیا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے 2020 سے 2021 کے دوران جان ریٹکلیف کو نیشنل انٹیلی جنس کا ڈائریکٹر مقرر کیے جانے کے بعد ان پر تنقید کی جا رہی تھی کہ صدر ٹرمپ انٹیلی جنس ایجنسی کو اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ڈونلڈ کی نئی انتظامیہ میں جیوئش امریکن لی زیلڈین انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے سربراہ ہوں گے، زیلڈین نے بائیڈن کے ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق قانون کی مخالفت میں ووٹ ڈالا تھا۔ علاوہ ازیں نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایکس کے مالک ایلون مسک کو بھی اہم عہدہ دے دیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کو محکمہ حکومتی کارکردگی کا سربراہ مقرر کر دیا ہے ، اپنے بیان میں ایلون مسک نے تمام سرکاری اخراجات کی تفصیل آن لائن پبلک کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈیموکریسی نہیں ، بیوروکریسی کے لیے خطرہ ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی