i بین اقوامی

پھانسی پر چڑھائے جانے کی خبروں میں آنیوالے جنرل شمالی کوریا کے آرمی چیف تعیناتتازترین

August 12, 2023

شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان نے آرمی چیف پاک سو ٹو کو برطرف کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع کو ملک کا نیا آرمی چیف تعینات کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا پر جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سات ماہ تک آرمی چیف رہنے والے پاک سو ٹو کو عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے تاہم سرکاری میڈیا پر برطرفی کی وجوہات کے بارے میں نہیں بتایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے سابق وزیر دفاع جنرل ری یونگ گل کو آرمی کا نیا سربراہ تعینات کر دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق کم جانگ ان کی جانب سے یہ اعلان شمالی کوریا کی سینٹرل ملٹری کمیشن کے اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں فوج کے دیگر مرکزی کمانڈنگ افسران کو بھی عہدوں سے فارغ کیا گیا یا ان کا تبادلہ کیا گیا۔ جنرل ری یونگ گل اس سے قبل بھی شمالی کوریا کے چیف آف اسٹاف رہ چکے ہیں اور انہیں 2016 میں عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور سرکاری تقریبات میں ان کی غیر موجودگی کے باعث یہ افواہیں گردش کرنے لگی تھیں کہ انہیں پھانسی دے دی گئی ہے۔ جنوبی کوریا کی اوہا ویمن یونیورسٹی میں بطور انٹرنیشنل اسٹڈیز تعینات پروفیسر لیف ایرک ایسلے کا کہنا ہے شمالی کوریا کے سربراہ کم جانگ نے روس کے یوکرین پر حملے سے یہ سبق سیکھا ہے کہ کوئی بھی اس قدر طاقتور نہ ہو کہ ان کی طاقت کو چیلنج کر سکے جیسا ویگنر گروپ نے ولادمیر پیوٹن کے خلاف بغاوت کا اعلان کر کے کیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی