وینزویلا کے صدارتی انتخاب میں صدر نکولس مادورو نے تیسری مرتبہ کامیابی اپنے نام کرلی،غیر ملکی میڈیا کے مطابق وینزویلا کی الیکٹورل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ الیکشن کے 80فیصد نتائج سامنے آچکے ہیں جس میں صدر نکولس نے 51.20فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ ان کے مدمقابل کو 44.02فیصد ووٹ ملے۔دوسری جانب وینزویلا کی مرکزی اپوزیشن نے الیکشن کے نتائج کو بڑے پیمانے پر دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے اسے چیلنج کرنے کا اعلان کیا۔وینزویلا میں صدر نکولس کے 11سالہ اقتدار کو ختم کرنے کے لیے اپوزیشن کی جانب سے ایڈمنڈو گونزالیز کو مشترکہ امیدوار نامزد کیا گیا تھا۔صدر نکولس نے الیکشن نتائج سامنے آنے کے بعد اپنے سپورٹرز سے خطاب میں کہا کہ ان کا ایک بار پھر الیکشن میں کامیاب ہونا امن و استحکام کی فتح ہے۔ادھر امریکی وزیر خارجہ نے الیکشن نتائج پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو الیکشن کے نتائج پر شدید تشویش ہے، یہ نتائج وینزویلا کے عوام کی امنگوں کی عکاسی نہیں کرتے۔تاہم صدر نکولس کی حکومت کے قریبی اتحادی کیوبا نے الیکشن نتائج پر کہا ہے کہ عوام نے بتایا کہ وینزویلا انقلاب جیت چکا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی