i بین اقوامی

نصیرت کیمپ میں پناہ گزینوں کے سکول پراسرائیلی بمباری، مزید 17فلسطینی شہیدتازترین

July 15, 2024

صیہونی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے ، نصیرت کیمپ میں پناہ گزینوں کے سکول پر بمباری سے مزید 17 فلسطینی شہید جبکہ 80زخمی ہوگئے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ شہر اور المغازی پر شدید بمباری کی جبکہ الشاطی کیمپ میں مسجد پر بھی وحشیانہ حملے کیے۔ دوسری جانب حماس کے سیاسی بیورو کے ایک رکن عزت الرشق نے اتوار کو کہا کہ ان کی جماعت غزہ کی پٹی پر حالیہ اسرائیلی حملوں کے بعد جنگ بندی کے مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹی ہے۔انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ خان یونس کے مغرب میں المواصی کے قتل عام کے جواب میں حماس کی طرف سے مذاکرات روکنے کے فیصلے کے بارے میں کچھ میڈیا میں بے بنیاد خبریں آئی ہیں۔الرشق نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر عرب ثالثوں اور امریکہ کی جنگ بندی کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام بھی لگایا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی