نیپال میں اپنی نوعیت کے پہلے روایتی چینی طبی علاج و معالجے کے ایک بین الاقوامی مرکز کا افتتاح کر دیا گیا۔ یہ مرکز وسطی جنوبی نیپال کے علاقے بھارت پور میں بی پی کوئیرالہ میموریل ہسپتال میں قائم کیا گیا ہے جس نے 26 جولائی کو کام شروع کیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیپال میں چینی سفیر چھن سونگ نے مقامی لوگوں میں ایکیوپنکچرعلاج کی مقبولیت کا ذکر کیا ،ایک مریض جسے کمر کے درد مسلہ تھا اور وہ صرف 30 ڈگری تک جھک سکتا تھا، روایتی چینی طب کے ڈاکٹرزکے علاج کے بعد اب اپنی کمر 90 ڈگری تک سیدھی کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 25 سال کے دوران 250 سے زیادہ چینی ڈاکٹروں اور طبی ٹیموں کو میموریل کینسر ہسپتال بھیجا گیا تاکہ نیپالی ڈاکٹروں کیساتھ ملکر نیپا ل کے عوام کی صحت بہتر بنانے میں مدد دی جا سکے۔ روایتی چینی طبی علاج مرکز کو میموریل کینسر ہسپتال کے ڈاکٹرز اور فزیوتھراپسٹ چلا رہے ہیں۔ دسمبر 1998 میں نیپال کے حوالے کیے جانے کے بعد سے چین کی مدد سے تعمیر کیے جانے والے ہسپتال میں چینی طبی ٹیمیں باری باری بھیجی جاتی ہیں۔ ہسپتال کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین بیجے رائے نیوپین نے گزشتہ کئی سالوں سے افرادی قوت کی فراہمی، طبی آلات اور ادویات کے عطیات اور ڈاکٹرز اور معاون طبی عملے کی تربیت کیلئے چین کی طرف سے دی جانیوالی مدد کو سراہا۔ بحالی اور علاج کے مرکز میں اعصابی اور آرتھوپیڈک بحالی اور درد کا علاج کیاجاتا ہے، جس میں ایکوپنکچر ، مساج ، گوا شا ، کپنگ اور ٹی سی ایم کے ساتھ ساتھ درمیانے اور کم فریکوئنسی پلس تھراپی ، انفراریڈ تھراپی ، ٹی سی ایم آئنٹوفورسیس علاج اور پیشہ ورانہ سازوسامان کے ذریعے بحالی کی تربیت شامل ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی