i بین اقوامی

مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں امریکا سے افریقا اور ایشیا سے یورپ تک ریلیاںتازترین

October 14, 2023

مظلوم فلسطینیوں کی حمایت میں امریکا سے لیکر افریقا اور ایشیا سے لیکر یورپ تک مختلف ممالک میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جس میں بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر ہزاروں افراد نے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی جبکہ سٹی یونیورسٹی نیویارک کے طلبا بھی فلسطینیوں کی حمایت میں نکلے اور ریلی کے شرکا نے فری فلسطین کے نعرے لگائے۔ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں بھی فلسطین میں اسرائیلی بمباری کے خلاف احتجاج کیا گیا جس میں ہر رنگ و نسل کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی اور فلسطین پر ہونے والے ظلم پر آواز اٹھائی۔ یورپی ملک اٹلی میں بھی بڑی تعداد میں افراد فلسطینیوں کی حمایت میں سڑکوں پر آگئے جبکہ جرمنی کے شہر میونخ میں پابندی کے باوجود سینکڑوں افراد اسرائیلی جارحیت کے خلاف سراپا احتجاج رہے۔ فرینکفرٹ میں فسلطین کی حمایت میں ریلی پر سماجی کارکن کو گرفتار کیا گیا ا ور ترکیہ میں بھی فلسطینیوں سیاظہار یکجہتی کی گئی۔ جنوبی افریقا میں بھی غزہ میں اسرائیلی بربریت کے خلاف احتجاج کیاگیا جس کی قیادت نیلسن منڈیلا کے پوتے نے کی۔ یمن میں لاکھوں افراد نے فسلطنیوں کے حق اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا جبکہ عراق کے دارالحکومت بغداد کا تحریر اسکوائر مظاہرین کے نعروں سے گونج اٹھا، اردن میں ہزاروں مظاہرین کی جانب سے اسرائیلی سرحد کی طرف مارچ کیا گیا جسے روکنے کیلئے اردنی سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر شیلنگ کی۔ تہران میں احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لیے بڑی تعداد میں لوگ آزادی اسکوائر پہنچے جبکہ پاکستان کے تقریبا تمام چھوٹے بڑے شہروں سمیت مصر، شام، قطر، الجزائر اور تیونس میں فلسطینیوں کے حق میں اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کیاگیا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی