متحدہ عرب امارات(یو اے ای) نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو امارات کے دوسرے اعلی ترین اعزاز "آرڈر آف دی یونین"سے نوازا دیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کے مطابقمتحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور پاک افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان مجلس قصر البحر ابوظبی میں اہم ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچپسی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرنے پر یو اے ای کے صدر نے آرڈر آف دی یونین میڈل سے نوازا۔ اس موقع پر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے دونوں دوست ملکوں کے درمیان مشترکا تعاون کی جڑیں گہری کرنے کے سلسلے میں موثر کردار ادا کرنے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں منفرد کوششوں کے اعتراف میں جنرل قمر جاوید باجوہ کو وسام الاتحاد اعزاز سے نوازا۔ یہ میڈل متحدہ عرب امارات کی جانب سے برادر اور دوست ممالک کے اعلی عہدیداروں کو دیا جانے والا ملک کا دوسرا بڑا اعزاز ہے۔دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان خوشگوار تعلقات اور بھائی چارے کی عظیم تاریخ پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہورہی ہے۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی