i بین اقوامی

متحدہ عرب امارات، جرمنی کو قدرتی گیس اور ڈیزل فراہم کریگا، معاہدے پر دستخطتازترین

September 26, 2022

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان اور جرمن چانسلر اولاف شالز نے ابوظبی میں انرجی سیکیورٹی اور صنعتی فروغ میں تیزی کے لیے سٹراٹیجک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق معاہدہ ابوظبی کی قومی پٹرولیم کمپنی ادنوک اور جرمن کمپنی آر ڈبلیو ای کے درمیان ہوا ہے۔ اس کے تحت جرمنی کو قدرتی سیال گیس فراہم کی جائے گی۔اماراتی کمپنی ادنوک سیال قدرتی گیس کی پہلی کھیپ 2022 کے اواخر میں برآمد کرے گی۔ یہ گیس جرمن شہر برانسبونل میں واقع جرمنی کے فلوٹ سٹیشن کو چلانے میں استعمال ہوگی۔ ادنوک سال رواں کے اواخر میں جرمنی کو گیس کی پہلی کھیپ برآمد کرے گی۔ 2023 میں مزید گیس فراہم کی جائے گی۔ماہ رواں ستمبر کے دوران ڈیزل کی کھیپ جرمنی بھیجی جائے گی۔2023 کے دوران ماہانہ ڈھائی لاکھ ٹن ڈیزل جرمنی کو مہیا کیا جائے گا۔ جرمن چانسلر نے کہا کہ انرجی سیکیورٹی اور صنعتی فروغ میں تیزی سے متعلق مشترکہ عزائم کا اعلامیہ سٹراٹیجک منصوبوں کے نفاذ میں تیزی لانے کا موقع دے گا۔ سٹراٹیجک منصوبے تجدد پذیر توانائی، ہائیڈروجن، سیال قدرتی گیس اور ماحولیاتی امور کے حوالے سے ہیں۔ جرمن چانسلر نے بیان میں کہا کہ جرمنی نے گیس اور ڈیزل کی خریداری کے لیے خلیجی ممالک کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ جرمنی روسی گیس کی سپلائی بند ہونے کی صورت میں متبادل انتظامات کررہا ہے۔گیس کی رسد میں قلت کے باعث جرمنی سمیت یورپی ممالک کو سخت موسم سرما کا سامنا کرنا ہوگا۔ اس سے بچنے کے لیے متبادل انتظامات کیے جارہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی