i بین اقوامی

مشرق وسطی میں تنازع کو بڑھانے سے گریز کیا جانا چاہیے، امریکہتازترین

August 07, 2024

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ ان کے ملک نے ایران اور اسرائیل کو یہ پیغام پہنچایا ہے کہ مشرق وسطی میں تنازع کو بڑھانے سے گریز کیا جائے۔ عرب میڈیا کے مطابق انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکی ذمے داران خطے میں حلیفوں اور شراکت داروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور اس حوالے سے آرا میں واضح موافقت ہے کہ کسی کو بھی صورت حال بگاڑنے کی ضرورت نہیں ہے۔ امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ پیغام براہ راست ایران اور اسرائیل کو پہنچا دیا گیا ہے۔ بلنکن کے مطابق امریکا حملوں کے خلاف اسرائیل کا دفاع جاری رکھے گا تاہم انھوں نے واضح کیا کہ خطے میں تمام فریقوں کو جارحیت اور غلط اندازوں کے خطرات جان لینے کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ مزید حملوں کے جو نتائج سامنے آئیں گے ان پر کوئی بھی پوری طرح قابو نہیں پا سکے گا۔ امریکی وزیر خارجہ کا یہ بیان آسٹریلوی ہم منصب کے ساتھ ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے، اس ملاقات میں امریکا اور آسٹریلیا کے وزرائے دفاع بھی موجود تھے۔ بلنکن کے مطابق غزہ کی جنگ میں فائر بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری بات چیت حتمی مرحلے تک پہنچ گئی ہے اور اسے بہت جلد اختتام پر پہنچ جانا چاہیے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی