ریاست مشی گن کے ایک شہر ہیمٹرامک کے پہلے مسلمان میئر نے امریکی صدر کے عہدے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کر دی ہے،غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرب امریکی شہری عامر غالب نے گزشتہ ہفتے فلنٹ میں ایک بند سیشن کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، ٹرمپ نے ان سے حمایت کے لیے کہا، جس پر عامر غالب نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ ٹرمپ کی حمایت کریں گے،عامر غالب نے کہا کہ وہ ری پبلکن امیدوار ٹرمپ کی حمایت کر رہے ہیں لیکن وہ اب بھی دستاویزات کے مطابق ڈیموکریٹ ہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ایسے کئی مسائل ہیں جنھوں نے انھیں ذاتی سطح پر یہ فیصلہ کرنے پر مجبور کیا،میئر غالب نے کہا کہ ان مسائل میں سے ایک غزہ جنگ بھی ہے، جس پر انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بات کی اور سابق صدر نے کہا کہ یہ ان کا ہدف ہے کہ وہ مشرق وسطی اور دیگر جگہوں پر افراتفری ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے دور صدارت میں کوئی نئی جنگ نہیں ہوئی، انھیں گزشتہ دور سے دولت اسلامیہ کی جنگ وراثت میں ملی تھی۔ہیمٹرامک کے پہلے مسلمان میئر غالب کا کہنا تھا کہ ان کے ان قدامت پسندانہ خیالات کو عرب امریکیوں کی ایک بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہے، خیال رہے کہ اس شہر کی تقریبا 40فی صد آبادی مشرق وسطی سے تعلق رکھتی ہے۔ ریاست مشی گن کے شہر ہیمٹرامک کی آبادی 28ہزار شہریوں پر مشتمل ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی