i بین اقوامی

مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے سعودی فرانسیسی کانفرنس میں شرکت کریں، اقوام متحدہ میں مملکت کے سفیر کی ارکان سے اپیلتازترین

December 13, 2024

اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل نمائندے عبدالعزیز الواصل نے جنرل اسمبلی کے ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب اور فرانس کے اشتراک سے منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں، تاکہ مسئلہ فلسطین کو حل کیا جا سکے۔عرب میڈیاکے مطابق فلسطین پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعزیز الواصل نے کہا کہ سعودی فرانسیسی کانفرنس جون میں نیویارک میں منعقد ہونے والی ہے۔انہوں نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا اور اسرائیل اور لبنان کے درمیان معاہدے کا خیرمقدم بھی کیا۔ اقوام متحدہ نے غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کی کوششوں کو بڑھانے کے لیے امدادی ادارے الاونروا کو درکار فوری مدد پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا تھا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ ویٹو کا مرضی کے مطابق استعمال اور بین الاقوامی قانون کا منتخب طریقے سے اطلاق، غزہ میں جاری نسل کشی اور اسرائیلی جرائم کے بڑھنے کا باعث بنے ہیں۔انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور لبنان میں جنگ بندی کے معاہدے کے لیے مملکت کی حمایت کی، جبکہ اسرائیل کی جانب سے خلاف ورزیوں کی مذمت بھی کی۔الواصل نے کہا کہ سعودی عرب فلسطینی عوام کی حمایت کرتا ہے، اور عرب امن منصوبے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بنیاد پر ان کے آزاد ریاست کے حق کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے دمشق میں اسد حکومت کے خاتمے کے بعد اسرائیلی حملوں کی مذمت کی۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی