کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر محمود احمد ساغر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت نے مقبوضہ جمو ں و کشمیر میں عوام کو گھروں سے بیدخل کی مہم جوئی شروع کی ہے جس کا مقصد کشمیر کی شناخت کو تبدیل کرنا ہے۔ مودی کی قیادت میں بی جے پی حکومت زبردستی، غیر قانونی طور پر تمام بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے، اور کشمیریوں کی شناخت، اور آبادی کے تناسب کو کو تبدیل کر رہی ہے۔ بھارت کی حکومت 5اگست کے غیر قانونی اقدام کے بعد سے کشمیریوں کی زندگیوں کو ٹارگٹ کلنگ، املاک کی تباہی، نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ اور کاروبار اور تعلیم چھیننے پر تلی ہوئی ہے۔ چالیس لاکھ سے زائد سٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفیکیٹ جاری کر کے مقبوضہ وادی میں ہندو وں کی تعداد بڑھائی جارہی ہے۔ مودی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی مہم کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر سے مسلم ثقافت اور اس کے نقوش کو مٹانا ہے۔ محمود احمد ساغر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کو دھمکانے کے لیے دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کرتا ہے، بھارت اپنی فوجی طاقت کو کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے اور کشمیریوں کو تحریک آزادی سے باز رکھنے کے لیے استعمال کررہا ہے۔ کنوینر کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اپنی مادر وطن کی آزادی کے لیے لاکھوں جانیں قربان کیں، بھارتی ریاستی جبر کشمیریوں کی آزادی کے عزم کو نہیں توڑ سکتا، چاہے جو ہتھکنڈے بھی بھارت استعمال کرے کشمیری اپنی منفرد شناخت اور ثقافت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔ مودی کے شیطانی ہتھکنڈے کشمیریوں کو اپنی منصفانہ جدوجہد آزادی کو آگے بڑھانے سے نہیں روک سکتے۔کشمیر میں ہونیوالیمظالم پر عالمی خاموشی سے بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے جبر کو بڑھانے کیلئے حوصلہ مل رہا ہے ۔انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے نہتے کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم پر مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی خلاف ورزیوں کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی