امام کعبہ اور حرمین انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبد الرحمن السدیس نے زائرین اور نمازیوں کو مسجد الحرام اور مسجد نبویۖ میں قواعد پر عمل کرنے کی تاکید کردی۔ عرب میڈیا کے مطابق عبدالرحمن السدیس کا کہنا ہے کہ دونوں مقدس مقامات نعرے لگانے یا پلے کارڈز لگانے کے لیے نہیں بلکہ صرف عبادت کے لیے ہیں، الحرمین الشریفین کا تقدس ہے جس کا احترام کیا جانا چاہیے۔انھوں نے کہاکہ یہ وہ عبادت گاہیں ہیں جہاں اسلام کے خلاف نعرے یا جملے بلند کرنے کو برداشت نہیں کیا جائے گا، یہاں آنے والے کو صرف اپنی عبادت کرنی چاہئیں۔امام کعبہ اور حرمین انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبد الرحمن السدیس کا بیان اس واقعے کے بعد سامنے آیا جس میں عمرہ ادائیگی کے دوران مسجدالحرام میں بینر لہرانے پر ایک غیرملکی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی