i بین اقوامی

مقبوضہ وادی میں بھارتی قابض فوج نے مزید 4 نوجوانوں کو شہید کر دیا،محبوبہ مفتی گھر میں نظر بندتازترین

October 05, 2022

مقبوضہ وادی میں سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیریوں کی نسل کشی جاری ہے، بھارتی قابض فوج نے شوپیاں میں مزید چار نوجوانوں کو شہید کر دیا، علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع شوپیاں میں مزید 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔نوجوانوں کو بھارتی فوجیوں نے ضلع کے علاقے دراچ اور مولو میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران شہید کیا گیا، علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔ ضلع شوپیاں کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کو گھر میں نظر بند کر دیا گیا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں محبوبہ مفتی نے نظر بند کرنے کی تصدیق کر دی ہے۔محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات بتایا گیا کہ مجھے شمالی کشمیر کے علاقے پتن جانے کی اجازت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ آج پولیس کی جانب سے ہمارے گھر کے دروازوں کو باہر سے تالہ لگا دیا گیا ہے۔سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ڈھٹائی سے اپنی چالوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی