i بین اقوامی

مقبوضہ کشمیر میں ناراض خواتین پاکستان جانے کی دھمکی دینے لگیں، ایک گرفتارتازترین

January 08, 2025

مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو بھارتی فوج نے پاکستان جانے پر گرفتار کرلیا۔ 35 سالہ شاہین اختر نامی خاتون کو شاہ پور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول(ایل او سی) کے قریب بھارتی فوج نے پاکستانی سرحد پار کرنے سے قبل فورا گرفتار کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد اکرم نامی شخص کی اہلیہ 35 سالہ شاہین اختر کو شاہ پور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے قریب بھارتی فوج نے پاکستان جانے کی کوشش میں حراست میں لیا۔رپورٹ کے مطابق شاہین اختر سے تفتیش اور ضروری تصدیق کرنے کے بعد انہیں رہا کر کے اہلخانہ کے حوالے کر دیا۔رپورٹس میں بتایا گیا کہ شاہ پور کے محلہ جتنہ کی رہائشی شاہین اختر کا اپنے سسرال والوں سے جھگڑا ہوا تھا۔ ان کے شوہر سعودی عرب میں ملازمت کرتے ہیں۔ تاہم شاہین نے غصے میں آکر سرحد پار کرنے کا فیصلہ کیا۔

شاہین کی بہن گلاب نے بتایا کہ آئے روز ان کی بہن کا اپنے سسرال میں جھگڑا رہا کرتا ہے جس کی وجہ سے اس نے سرحد پار کر کے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے کا جذباتی فیصلہ کیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہین کے شوہر محمد اکرم انہیں سعودی عرب سے پیسہ نہیں بھیجتے تھے جس کے بعد انہوں نے اپنے شوہر کیخلاف مقدمہ دائر کر دیا جس پر عدالت نے شوہر کو حکم دیا کہ وہ ہر ماہ اپنی اہلیہ کو پیسے بھجوائیں، تاہم شاہین کے سسرالیوں کی جانب سے اس بات کی تردید کی گئی کہ ان کے شوہر پیسہ نہیں بھیجتے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہاں کی خواتین کا جب بھی اپنے گھروں میں جھگڑا ہوتا ہے تو وہ پاکستان جانے کی دھمکیاں دینے لگتی ہیں مگر آج تک کوئی سرحد پار کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔تاہم میڈیا پورٹس میں مزید بتایا گیا کہ شاہین کے سرحد پار کرنے کے حوالے سے مقامی پولیس اور انتظامیہ کو مطلع کر دیا گیا اور معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی