امریکی محکمہ دفاع پینٹاگان نے اعلان کیا کہ امریکہ اسرائیل کے ساتھ مل کر ایسے ردعمل سے بچنے کے لیے کام کر رہا ہے جس سے جنگ کے پھیلنے کا خطرہ نہ ہو۔امریکی محکمہ دفاع کے ترجمان پیٹ رائڈر نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ "ہم وسیع تر علاقائی تنازعے سے بچنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں"۔انہوں نے مزید کہا کہ "ہم ایرانی حملے کا جواب دینے کے اسرائیل کے حق کو تسلیم کرتے ہیں، لیکن ہم علاقائی کشیدگی کو کم کرنا چاہتے ہیں"۔انہوں نے کہا "ہم ایسے اقدامات نہیں دیکھنا چاہتے جو کشیدگی میں اضافہ یا غلط حساب کتاب کا باعث بنیں"۔ ادھر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے اپنے اسرائیلی ہم منصب یوآو گیلنٹ کے ساتھ ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ خطے میں ایران اور اس کے پراکسیوں کو روکنے کے لیے واشنگٹن پر عزم ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکہ کے پاس خطے میں اپنے فوجیوں اور ملازمین کا دفاع کرنے، مزید مدد فراہم کرنے اور مزید کشیدگی کو روکنے کی بڑی صلاحیتیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی