لندن سے ممبئی جانے والے 250 سے زائد مسافر ترکی میں پھنس گئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق لندن سے ممبئی جانے والی ورجن اٹلانٹک کی پرواز VS358 کے 250 سے زائد مسافر ترکی کے دیارِ بکر ایئر پورٹ پر گزشتہ 39 گھنٹوں سے پھنسے ہوئے ہیں۔ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق یہ پرواز 2 اپریل کو ایک ہنگامی طبی لینڈنگ کے باعث دیارِ بکر ایئر پورٹ پر اتری تھی، تاہم لینڈنگ کے بعد طیارے کو تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد اسے معائنے کے لیے روک لیا گیا۔ورجن اٹلانٹک کے ترجمان نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح اپنے مسافروں اور عملے کی حفاظت اور سیکیورٹی ہے، ہمیں اس پریشانی پر بے حد افسوس ہے، جیسے ہی ضروری تکنیکی منظوری ملے گی، ہم پرواز کو دیارِ بکر ایئر پورٹ سے ممبئی کے لیے روانہ کر دیں گے۔ایک سوشل میڈیا صارف نے ٹویٹ کیا کہ میرا خاندان اور 250 سے زائد مسافر ورجن اٹلانٹک کے غیر انسانی سلوک کا شکار ہیں، ہمیں 30 گھنٹوں سے ترکی کے ایک ایئر پورٹ پر محصور رکھا گیا ہے۔مسافروں نے یہ بھی شکایت کی کہ ایئر پورٹ پر تقریبا 300 افراد کے لیے محض ایک ٹوائلٹ تھا، جبکہ درجہ حرارت سنگل ڈیجٹ میں ہونے کے باوجود کمبل بھی فراہم نہیں کیے گئے۔بھارتی سفارت خانے نے بتایا کہ وہ صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور مسافروں کی مدد کے لیے کام کر رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی