ایسٹ لندن کے علاقے ایلفورڈ میں ایک سنسنی خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں گزشتہ روز ایک کھڑی کار کی ڈگی سے بھارتی خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی ہے، پولیس نے ویڈیو جاری کردی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بریسبین روڈ پر کھڑی ایک سلور ووکسل کورسا کار کی ڈگی سے 24سالہ بھارتی خاتون ہرشیتا بریلا کی لاش برآمد ہوئی۔رپورٹ کے مطابق مقتولہ ہرشیتا بریلا کے شوہر 23 سالہ پنکج لمبا پر قتل کا الزام ہے جو مبینہ طور پر واردات کے بعد ملک سے فرار ہوگیا۔پولیس کی جانب سے نئی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی گئی ہے جس میں اس کے مفرور شوہر کو دکھایا گیا ہے جو اس وقت تک مبینہ طور پر اپنی بیوی کے قتل کا ملزم ہے۔فوٹیج میں اسے مشرقی لندن کی گلیوں میں چلتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، یہ وہ وقت ہے جب وہ مبینہ طور پر اس کی لاش ایک گاڑی کے ڈگی میں ڈال کر فرار ہو رہا تھا۔تحقیقاتی پولیس افسران کا ماننا ہے کہ لمبا نے اتوار کو نارتھمپٹن شائر کے شہر کوربی میں ہرشیتا بریلا کو قتل کیا اور تقریبا 100 میل کا سفر طے کرکے لندن آیا تاکہ لاش کو ٹھکانے لگایا جاسکے۔مقتولہ کی لاش کے پوسٹ مارٹم کے ابتدائی نتائج کے مطابق حارشیتا کی موت گلا دبانے سے ہوئی ہے۔ اس کی موت اور مفرور ملزم کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔بھارت میں موجود ہرشیتا بریلا کے والدین اور بہن کے مطابق آخری بار 10 نومبر کو ان کی بیٹی نے فون پر بتایا کہ وہ رات کا کھانا بنا رہی ہے اور شوہر کے انتظار میں ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی