i بین اقوامی

لبنانی سرحد پر جھڑپوں میں اسرائیلی فوجی ہلاک، 2 شدید زخمیتازترین

October 07, 2024

لبنانی سرحد پر حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جھڑپوں اور اسرائیلی شہر حیفہ میں راکٹ حملوں میں مزید ایک اسرائیلی فوجی ہلاک جبکہ 10کے قریب اسرائیلی زخمی ہوگئے جبکہ صیہونی فورسز کے بیروت میں تازہ حملوں کے بعد مزید خوفناک دھماکے سنے گئے جس میں ممکنہ فاسفورس بم کے استعمال سے بدبو پھیل گئی اور درجنوں لبنانی شہید و زخمی ہوگئے۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے اپنے اہلکار کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ لبنان کی سرحد پر لڑائی میں ایک فوجی ہلاک ہو گیا اور دو شدید زخمی ہو گئے۔ فوج نے کہا کہ لبنانی سرحد پر لڑائی کے دوران ماسٹر سارجنٹ ایتے ازولے ہلاک ہوگیا۔ ا س دوران حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے ساحلی شہر حیفہ میں راکٹ حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ حیفا اور تبریاز میں اسرائیلی اڈے کو نشانہ بنایا، اس کے علاوہ لبنان پر اسرائیل کے طاقت ور بموں سے حملے جاری ہیں۔ ادھر بیروت میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ جاری ہے ۔لبنانی دار الحکومت بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ پر شدید حملوں کی ایک اور رات گزر گئی۔اس حوالے سے درجنوں وڈیو کلپوں میں آسمان میں دھماکوں جیسی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں دھوئیں کے سیاہ اور سفید بادل بھی اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔ الضاحیہ کے دو علاقوں "سینٹ ٹیریز" اور "برج البراجنہ" کے علاقوں کو خاص طور پر نشانہ بنایا گیا۔حزب اللہ کے قریبی ذرائع کے مطابق سینٹ ٹیریز پر حملوں میں ایک عمارت تباہ ہو کر زمین کی سطح کے برابر ہو گئی۔بعد ازاں الحدث کے علاقے میں بھی ایک شدید فضائی حملہ کیا گیا۔ سینٹ ٹیریز کے علاقے پر کم از کم 4 حملے ہوئے۔ ان کے نتیجے میں علاقے میں واقع معروف سینٹ ٹیریز ہسپتال نے کام روک دیا۔

تقریبا دو گھنٹے تک اس مقام پر آگ بھڑکتی رہی۔بیروت کی آبادی میں بہت سے لوگوں نے بد بوں کے پھیل جانے کی شکایت بھی کی ہے تاہم انھیں اس کی وجوہات معلوم نہیں۔ بعض کے نزدیک اس کی وجہ اسرائیل کا فاسفورس بم یا کچھ اور استعمال کرنا ہو۔ اسی طرح بعض لوگوں کے مطابق بیروت کے مختلف حصوں میں ماچس کی بو پھیل گئی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کے طیاروں نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب بیروت میں حزب اللہ کی انٹیلی جنس کے مرکزی دفتر میں دہشت گرد اہداف اور تنظیم کے ہتھیاروں کے گوداموں کو بم باری کا نشانہ بنایا۔انسانی حقوق کی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کی تصدیق کے مطابق اسرائیل گذشتہ برس جنوبی لبنان میں سفید فاسفورس بم استعمال کر چکا ہے۔ اس کی بد بو لہسن کی بو سے ملتی جلتی ہے۔ان بموں کے نتیجے میں ہونے والے کیمیائی عمل سے درجہ حرارت 815 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔ مزید یہ کہ ان بموں کے انسانی جسم کو چھونے کے نتیجے میں خوف ناک زخم آتے ہیں۔لبنانی وزارت صحت نے باور کرایا ہے کہ وہ سلامتی کونسل میں اسرائیل کے خلاف شکایت پیش کرے گی کہ اس نے فاسفورس بم اور بین الاقوامی طور پر ممنوعہ دیگر بموں کا استعمال کیا ہے ۔تازہ اسرائیلی کارروائیوں میں درجنوں شہری شہید و زخمی ہوگئے ہیں ۔واضح رہے کہ 23 ستمبر سے لبنان پر اسرائیلی حملوں میں شدت آنے کے بعد سے اب تک بیروت کے جنوبی نواحی علاقے الضاحیہ اور ملک کے جنوبی علاقوں سے تقریبا دس لاکھ لبنانی نقل مکانی کر چکے ہیں۔گذشتہ برس آٹھ اکتوبر سے اسرائیلی فوج اور حزب اکے درمیان جاری لڑائی میں 2000 سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ان میں زیادہ تر گذشتہ تین ہفتوں کے دوران میں موت کا شکار ہوئے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی