بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فِچ ریٹنگز نے عالمی معیشت کے لیے اپنی 2022 کی ترقی کی توقع کو کم کیا ہے جبکہ ترکیہ کی ترقی کی شرح کی پیشن گوئی کو بلند کردیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فچ نے اپنی گلوبل اکنامک آٹ لک رپورٹ کا ستمبر کا شمارہ شائع کیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ یورپ میں گیس کے بحران، مہنگائی کی بلند شرح اور عالمی مانیٹری پالیسی کی سختی میں تیزی سے معاشی توقعات کو شدید دھچکا لگا ہے۔رپورٹ میں عالمی معیشت کے لیے ترقی کی شرح میں کمی کرنے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا اس سال عالمی معیشت کی شرح نمو 2.4 فیصد، 2023 میں 1.7 فیصد اور2024 میں 2.8 فیصد رہنے کی توقع ہے۔فچ نے جون میں اعلان کردہ اپنی پیشن گوئی میں پیش گوئی کی ہے کہ عالمی معیشت 2022 میں 2.9 فیصد اور 2023 اور 2024 میں 2.7 فیصد بڑھے گی۔رپورٹ میں اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ یورو زون اور برطانیہ کے اس سال کے آخر میں کساد بازاری میں داخل ہونے کی توقع ہے، اور 2023 کے وسط تک امریکہ کو ہلکی کساد بازاری کا سامنا کرنے کی توقع ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں سال کے لیے چینی معیشت کی ترقی کی پیش گوئی 3.7 فیصد سے کم ہو کر 2.8 فیصد ہو گئی اور 2023 کے لیے توقع 5.3 فیصد سے کم کر کے 4.5 فیصد کر دی گئی اور مزید بتایا گیا ہے کہ 2024 میں چینی معیشت کی شرح نمو 5 فیصد سے کم ہو کر 4.7 فیصد رہ گئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ترکی کی معیشت میں رواں سال 5.2 فیصد اور 2023 اور 2024 میں 2.9 فیصد اضافہ متوقع ہے۔فچ نے جون میں اپنی پیشن گوئی میں پیش گوئی کی تھی کہ ترکی اس سال 4.5 فیصد، 2023 میں 3 فیصد اور 2024 میں 2.9 فیصد ترقی کرے گا-
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی